کانگریس لیڈر راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنائے گئے ہیں، اور اس سلسلے میں لوک سبھا سکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ انڈیا بلاک کے سبھی ساتھیوں کو اپنے اوپر بھروسہ ظاہر کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا ہے کہ حزب اختلاف کے لیڈر کا عہدہ کس قدر اہمیت کا حامل ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں وہ خلوص دل سے سبھی خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’ملک کی عوام، کانگریس کارکنان اور انڈیا (بلاک) کے ساتھیوں کا مجھ پر بھروسہ ظاہر کرنے کے لیے دل سے شکریہ۔‘‘ پھر وہ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں ’’اپوزیشن کا لیڈر صرف ایک عہدہ نہیں ہے۔ یہ آپ کی آواز بن کر آپ کے مفادات اور حقوق کی جنگ لڑنے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی نےکہاکہ ہمارا آئین غریبوں، محروموں، اقلیتوں، کسانوں، مزدوروں کا سب سے بڑا ہتھیار ہے اور ہم اس پر کیے گئے ہر حملے کا پوری طاقت سے جواب دے کر اس کی حفاظت کریں گے۔ پیغام کے آخر میں راہل گاندھی واضح لفظوں میں کہا ہےکہ، میں آپ کا ہوں اور آپ کے لیے ہی ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *