Narendra Modi Speech in Praliament : وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو وسعت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے ہمیں ہر کسوٹی پر پرکھ کر ہی ہمیں تیسری بار خدمت کا موقع دیا ہے۔
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں صدر دروپدی مرمو کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ جیسے ہی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کے خطاب کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیا، ایوان میں ہنگامہ شروع ہوگیا۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ منی پور کے رکن اسمبلی کو بولنے کا موقع دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس پر اوم برلا نے کہا کہ منی پور کے ایم پی کو پہلے ہی بولنے کا موقع دیا گیا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو وسعت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے ہمیں ہر کسوٹی پر پرکھ کر ہی ہمیں تیسری بار خدمت کا موقع دیا ہے۔ نریندر مودی کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان ایوان میں مسلسل ہنگامہ کرتے رہے ۔ اس کے لیے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن لیڈر سے ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی۔
بتا دیں کہ یکم جولائی کو رائے بریلی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر تقریر کے دوران کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ ایک وقت تک ہاوس میں بہت گرما گرمی تھی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی پر ملک کے لوگوں میں خوف پیدا کرنے اور ترقی کے نام پر بدعنوانی بڑھانے کا الزام لگایا۔