وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں ایک ستسنگ تقریب کے دوران بھگدڑ کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں ایک ستسنگ تقریب کے دوران بھگدڑ کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے جواب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ گفتگو کے درمیان مجھے ابھی ایک افسوسناک خبر دی گئی ہے۔ اتر پردیش کے ہاتھرس میں ایک تقریب میں بھگدڑ مچنے سے کئی لوگوں کی المناک موت کی اطلاع آرہی ہے۔ میں مرحوم کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں سبھی زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔
ہاتھرس ضلع کے سکندرراؤ علاقے میں منعقدہ ستسنگ میں منگل کو بھگدڑ مچ گئی، جس میں 50-60 لوگوں کی موت ہو گئی اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریاستی حکومت کی نگرانی میں انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہے۔ مرکزی حکومت کے سینئر افسران اتر پردیش حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ میں اس ایوان کے ذریعے سبھی کو یقین دلاتا ہوں کہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع کے سکندرراؤ قصبے کے پھولرائی گاؤں میں منگل کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں بھولے بابا کا ست سنگ چل رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ست سنگ ختم ہونے کے بعد جیسے ہی بھیڑ یہاں سے جانے لگی، بھگدڑ مچ گئی۔ اس بھگدڑ میں خواتین اور بچے بری طرح کچل گئے۔ موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔