ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں ٹیم انڈیا نے جنوبی افریقہ کو سات رنوں سے شکست دیکر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 کا چمپئین بن گیا۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر محض 169رنز ہی بناسکی۔
ٹیم انڈیا نے 2007 میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی اور اب 17برس کے طویل عرصہ بعد پھر سے ٹی ٹونٹی کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ انڈیا نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دو مرتبہ حاصل کیا ہے۔ اس سے پہلے انگلینڈ اور وسٹ انڈیز دو مرتبہ ورلڈ چمپئین رہے ہیں۔
ٹیم انڈیا کی بلے بازی شروعات میں کافی خراب رہی اور محض 34 رنز پر اس نے اپنے تین کھلاڑیوں کو کھو دیا۔ کریز پر وراٹ کوہلی اور اکشر پٹیل کے مابین اچھی شراکت کے سبب ٹیم انڈیا نے تیرہ اوورز میں 98 رنز بنائے۔ اکشر پٹیل 106 کے مجموعی اور 47 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے چار چھکوں کی مدد سے محض 31 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔
وراٹ کوہلی نے اپنی نصف سنچری تک کافی سنبھل کر کھیلتے رہے۔ اس کے بعد انہوں نے دھواں دار بلے بازی کی اور 76 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ کوہلی نے 59 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 76رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو 177رنوں کا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
ادھر جنوبی افریقہ نے انڈیا کو زوردار مقابلہ دیا۔ ایک وقت تو جنوبی افریقہ کو 30 گیندوں میں 30 رنوں کی ضرورت تھی اور اس کے ہاتھ میں 6 وکٹ تھے۔ ہنرک کلاسین پندرہویں اوور میں اکشر پٹیل کو 24 رن بنا دیے تھے، لیکن پھر سولہویں اوور میں جسپریت بمراہ نے محض 4 رن دیے۔
ہاردک پانڈیا نے سترہویں اوور کی پہلی ہی گیند پر کلاسین کو 52 رنوں کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا، اور یہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ اس اوور میں محض 4 رن بنے۔ جنوبی افریقہ کو 2 اوورس میں 20 رن چاہیے تھے اور اس کے ہاتھ میں 4 وکٹ تھے۔ اور پھر اٹھارہویں اوور میں بمراہ نے مارکو یانسن کو بولڈ کر دیا جس سے انڈیا مزید مضبوط پوزیشن میں آ گیا۔ اس اوور میں بمراہ نے صرف 2 رن خرچ کیے۔
انیسویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے محض 4 رن دیے،اور آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنوں کی ضرورت تھی۔ ڈیوڈ ملر کے کندھوں پر ساری ذمہ داری تھی، لیکن ہاردک پانڈیا کی پہلی ہی گیند پر ان کا بے حد مشکل کیچ سوریہ کمار یادو نے باؤنڈری لائن پر پکڑا۔ اگر یہ کیچ چھوٹتا تو 6 رن یقینی تھا۔ اس کے بعد رباڈا نے ایک چوکا ضرور لگایا، لیکن اس اوور کی پانچویں گیند پر ہاردک نے رباڈا کو بھی سوریہ کمار یادو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس اوور میں محض 8 رن بنے، اور اس طرح ٹیم انڈیا دوسری بار ٹی ٹونٹی عالمی کپ کا چمپئین بن گیا۔
فائنل میں کوہلی کے شاندار مظاہرے پر انھیں مین آف دی میچ قرار دیا۔ اور بمرا کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔