تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آندھرا پردیش کے اپنے ہم منصب نارا چندرا بابو نائیڈو کی طرف سے ون آن ون ملاقات کی دعوت قبول کرلی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ یہ اجلاس 6 جولائی کو دوپہر حیدرآباد کے مہاتما جیوتی راؤ پھولے بھون میں منعقد کیا جائے۔
منگل کو ایک خط لکھ کر ریونت ریڈی نے چندرا بابو نائیڈو کی پیش کشن کا شکریہ ادا کیا اور آندھرا پردیش میں اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی ان کی حالیہ کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی تعریف کی جنہوں نے چوتھی بار چیف منسٹر کے طور پر حلف لیا ہے۔
ریونت ریڈی نے ریاست کی تقسیم کے ایکٹ کے زیر التوا مسائل کو حل کرنے اور دونوں ریاستوں کے عوام کی بہتر خدمت کے لیے باہمی تعاون اور خیالات کے تبادلے کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر نے اس معاملے پر چندرا بابو نائیڈو کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں تلگو ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان آمنے سامنے بات چیت کی ضرورت کو بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے بامعنی بات چیت میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اپنے خط میں ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے عوام کے تئیں اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور چندرا بابو نائیڈو کو 6 جولائی کو ہونے والی ملاقات کے لیے باضابطہ دعوت دی۔